حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عصری اور دینی علوم کی عظیم درسگاہ مدرسہ خدیجۃ الکبریٰ گمبہ سکردو بلتستان پاکستان کی ہونہار طالبات نے میٹرک بورڈ کے سالانہ امتحانات میں 95 فیصد کامیابی حاصل کر کے اساتذہ کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔
اس موقع پر مدرسہ کے مدیر اعلیٰ حجت الاسلام والمسلمین سید احمد علی شاہ کا کہنا تھا کہ یہ محض ایک عدد نہیں، بلکہ اخلاص، شب بیداری اور روحانی تربیت کا منہ بولتا ثبوت ہے، لہٰذا ہم اپنے تمام اساتذہ کرام کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ نے علم سے روشنی، تربیت سے بصیرت اور خلوص سے نئی نسل کی بنیاد رکھی۔
انہوں نے کہا کہ اس شاندار کارکردگی خواہر سمانہ کی مثالی قیادت، خوش اخلاقی اور تنظیمی بصیرت کا نتیجہ ہے۔
آقا سید احمد علی شاہ نے اس موقع پر جناب الحاج علی نقی صاحب (چیئرمین المیزان) اور کرنل قاسم صاحب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان برادران کے مخلصانہ مالی تعاون سے وینٹر کیمپ کا انعقاد ممکن ہوا، یہی وہ بابرکت اقدام تھا جس نے طالبات کی فکری تربیت، خوداعتمادی اور روحانی ترقی کو نئی جہت عطا کی۔ آج کی یہ کامیابی انہی نیک ارادوں، شبانہ روز محنتوں اور اخلاص بھری دعاؤں کا نتیجہ ہے۔
مدیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ ایک سنگِ میل ہے، لیکن ہماری منزل اُن افق پر ہے،جہاں علم، عمل اور اخلاق کی روشنی سے نسلیں پروان چڑھتی ہیں۔
پروردگارا! اس چراغِ ہدایت کو ہمیشہ فروزاں رکھ۔










آپ کا تبصرہ